نئی دہلی(آئی این پی) بھارت میں ہندو انتہاپسند تنظیموں نے فلم انڈسٹری پر غنڈہ ٹیکس عائد کردیا اور کہا ہے کہ اگر پاکستانی اداکاروں کو فلم میں شامل کرنا ہے تو پانچ کروڑ روپے اداکرو ورنہ فلم کی ریلیز روک دی جائے گی۔اطلاعات کے مطابق ہندو انتہا پسند رہنما بال ٹھاکرے کے بیٹے راج ٹھاکرے نے فلم پروڈیوسرز کو دھمکیاں دی ہیں جس کے بعد معروف فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر فلم آن ائیر کرنے کے لیے بھتہ ادا کرنے پر تیار ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم اے دل ہے مشکل کے ڈائریکٹر کرن جوہر نے مکیش بھٹ کے ہمراہ مہارشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیوبند فڈناوز سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے فلم دیوالی کے موقع پر فلم کی ریلیز سے متعلق یقین دہانی کروائی۔راج ٹھاکرے نے کرن جوہر کو فلم کی مشروط ریلیز کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ جو بھارتی پروڈیوسر پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرے گا اْسے 5 کروڑ روپے جمع کروانے ہوں گے۔