ممبئی(نیوزڈیسک)بھارتی فلم نگری کے نامور فلمسازوں کندن شاہ اور سعید مرزا سمیت 24 فلمسازوں نے بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف احتجاجاً اپنے قومی ایوارڈز واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی معاشرے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع ہونے لگا . ادیبوں اور فلمسازوں کی جانب سے اپنے قومی ایوارڈز واپس کرنے کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا تاہم حکومت کی جانب سے انتہا پسندی اور عدم برداشت کی روک تھام کےلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جارہے جس پر مزید 24 اسکرپٹ رائٹرز اور فلمسازوں نے اپنے قومی اعزازات واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ممبئی میں 24 فلمسازوں اور ادیبوں کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں نامور فلمساز کندن شاہ اور سعید مرزا بھی شریک تھے جب کہ فلمسازوں کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں اب تک 40 سے زائد ادیبوں اور فلمسازوں نے انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف اپنے قومی اعزاز واپس کردیئے ہیں۔