لاہور (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود بھارتی قوت گویائی سے محروم بچی گیتا کو بھارت میں زیادہ پیار ملنا چاہئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بجرنگی بھائی جان نے کہا کہ اگر گیتا کو پاکستان کی نسبت یہاں زیادہ بہتر زندگی نہیں دی جاتی ہے تو پھر اسے یہاں لانے کا ”پوائنٹ کیا ہے“۔ سلمان خان نے اس موقع پر ایدھی فاو¿نڈیشن کا بھی شکریہ ادا کیا جو کہ اتنے برسوں سے گیتا کو اپنے ہاں پناہ دیئے ہوئے ہے۔ سلمان نے کہا کہ ہمیں ان کی عزت کرنی چاہئے، خاص کر یہ سوچ کے کہ انہوں نے ایک بھارتی کو اتنے عرصے تک اپنے ہاں پناہ دی۔واضح رہے کہ سلمان خان اور بجرنگی بھائی جان کے ڈائریکٹر کبیر خان نے بجرنگی بھائی جان والا کردار اصل زندگی میں نبھانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انہوں نے کہا تھا کہ وہ بھارت میں صرف گیتا کی کہانی کو پھیلائیں گے تاکہ اس کے والدین کا پتہ لگایا جاسکے۔ ہم گیتا کو واپس لانے اور اس کی حوالگی کا کام نہیں کریں گے، یہ حکومت کا کام ہے کیونکہ اس میں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ گیتا اصل والدین تک ہی پہنچتی ہے۔