لاہور (نیوز ڈیسک) سال رواں کے آغاز میں 30ویں سانتا باربرا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ”ڈیزرٹ ڈانسر“ نامی ایک شارٹ فلم بھی پیش کی گئی جسے شمالی امریکہ کے رچرڈ ریمنڈ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ رچرڈ ریمنڈ کی یہ فلم ایرانی رقاصوں کی اصل زندگی پر بنائی گئی فلم ہے جسے یورپی ممالک نے بے حد پذیرائی بخشی ہے۔ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک ایسے معاشرے میں جہاں رقص کا کوئی تصور موجود نہیں، اس فن کے شیدائی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ رچرڈ ریمنڈ کی فلم کی کہانی جس جوڑے کے گرد گھومتی ہے، ان کے پاس تربیت پانے کا واحد ذریعہ یو ٹیوب تھی۔ رچرڈ ریمنڈ کا دعویٰ ہے کہ فلم کی کہانی ایرانی رقاص جوڑے کی اصل داستان حیات ہے۔ ریمنڈ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ان کے اس فلم کو تیار کرنے کا مقصد سیاسی ہرگز نہیں بلکہ وہ ایران کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں اور اس میں ایران کے اصل ہیروز، ایرانی نوجوانوں کی سوچ اورپابندیوں میں جکڑے معاشرے میں اپنی مرضی کی زندگی جینے کیلئے ان کی تگ و دو کو اجاگر کرنا ہی ان کا اصل مقصد تھا۔ اس فلم میں مرکزی کردار فلم سلم ڈاگ ملینیئر سے شہرت پانے والی فریدہ پنٹو نے ادا کیا ہے۔