ممبئی (نیوز ڈیسک)بھارتی ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے ڈرامے صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں۔ اگرچہ یہ ڈرامے حقیقت سے کوسوں دور ہوتے ہیں لیکن ان ڈراموں کی سنسنی خیز کہانی، بھڑکیلے ملبوسات اور زیورات اور میک اپ کے نت نئے انداز دونوں ملکوں کی خواتین کو بہت بھاتے ہیں، تبھی تو ان ڈراموں کی مقبولیت برقرار رہتی ہے۔ بھارتی ٹی وی ڈراموں میں اکثریت میں صرف گھریلو لڑائی جھگڑے ہی دکھائے جاتے ہیں، اچھی بہوئیں، بری بہوئیں، اچھی سسرال، بری سسرال اور اسی طرز کے دیگر موضوعات ان ڈراموں کا مرکزی خیال ہوتے ہیں لیکن تقریبا ہر ڈرامے کا مرکزی کردار گھر کی ایک نہایت سلجھی، پڑھی لکھی، باوقار بہو ہے جو اپنے سسرال کے مظالم، ساس اور نندوں کی چالاکیوں کے باوجود صبر، صداقت اور نجانے کس کس خوبی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتیں۔ ان کرداروں کو بہت بنا سنوار کر پیش کیا جاتا ہے، ایک لحاظ سے یہ اچھا پیغام بھی ہے لیکن حقیقت سے دوری اس پیغام کو موثر ہونے سے روکتی ہے۔ ڈرامے بہرحال جیسے بھی ہوں، ایک بات تو طے ہے کہ یہ بہوئیں بھارت اور پاکستان میں بہت مقبول ہیں۔