کراچی(نیوز ڈیسک) نامور اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں میں نئی سوچ سے تبدیلی آئی ہے ۔نوجوانوں نے گزشتہ کئی سال سے پاکستانی فلموں میں روایتی اور فارمولا فلموں سے ہٹ کر فلمیں بناکر ثابت کردیا کہ اب دور بدل چکا ہے دنیا بھر میں جدید ٹیکنالوجی سے جو انقلاب آیا ہے اسے اپنانے کی ضرورت ہے،یہ بات انھوں نے کراچی میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،یہ تاثر درست نہیں کہ ہماری فلموں میں کوئی پیغام نہیں ہوتا جبکہ بھارتی فلموں میں ان کا اپنا کلچرل اور جذبہ حب الوطنی نمایاں نظر آتی ہے، ہمارے ملک میں جو فلمیں بن رہی ہیں وہ ہمارے کلچرل کی عکاسی کرتی ہیں،ایسی فلمیں بن رہی ہیں جس میں جذبہ حب الوطنی کا پیغام شامل ہے، فلم ”سایہ خدائے ذوالجلال“ بھی ایک ایسی فلم ہے جسے اسی جذبہ کے ساتھ بنایا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان اب جو فلمیں بنا رہے ہیں وہ اس بات کو بھی مد نظر رکھ کر کام کررہے ہیں کہ ان کی فلمیں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پزیرائی حاصل کرسکیں۔