اسلام آباد (نیوز ڈیسک )میں چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انوشہ رحمان نے کہا کہ صارفین تصدیق کے بعد اپنی بند سمز کو دوبارہ کھلوا سکتے ہیں۔انہوں نے سمز کی بائیو میٹرک تصدیق میں پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے کردار کو سراہا، وہ کہتی ہیں کہ موبائل آپریٹر صارفین کو 5 جی فراہم کرنے کی تیاری کریں، 2019ءسے پہلے ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انوشہ رحمان نے بتایا کہ سائبر کرائم بل کو انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے اور اس میں کچھ نئے جرائم بھی شامل کئے گئے ہیں جن میں سے کچھ ناقابل ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم بل آئین اور انسانی حقوق کے منافی نہیں، قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل سینیٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، جس کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ غیر تصدیق شدہ موبائل فون سمز بند کرنے کے بعد موبائل آپریٹرز نے تفصیلات پی ٹی اے کو فراہم کردی ہیں، پی ٹی اے مکمل جائزہ کے بعد بند کی گئی سموں کے حتمی اعداد و شمار جاری کردے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں