اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ناسا نے زمین کے علاوہ دیگر سیاروں پر ایلین کے موجود ہونے کا انکشاف کیا ہے تاہم اس کے ٹھوس ثبوت 2025 تک سامنے آنے کا امکان ہے۔ناسا کے چیف سائنس دان ایلن اسٹوفین کا کہنا ہے کہ زمین سے دور خلاو¿ں میں دیگر مخلوق کی موجودگی کے ٹھوس اشارے ملے ہیں اوراس سلسلے میں 20 سال کے اندر ٹھوس ثبوت دنیا کے سامنے لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ان ایلین کی موجودگی کے ثبوت کا حصول کیسے اور کہاں سے کرنا ہے اوراس کے لیے ہم درست سمت میں سفر کر رہے ہیں جب کہ ہماری جدید ٹیکنالوجی ہمیں جلد ہی منزل تک لے جائے گی۔ناسا نے نے اس سلسلے میں گرافک ویڈیو بھی ریلیز کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سائنس دان کئی سیاروں پر پانی کی موجودگی کے ٹھوس ثبوت سامنے لا چکے ہیں جس میں مشتری بھی شامل ہے۔ ناسا کے مطابق اس اہم پیش رفت کو سامنے لانے میں ہبل ٹیلی اسکوپ نے اہم کردار ادا کیا ہے جس کی مدد سے مشتری کے چاند گینی میڈ پر نمکین پانی کے سمندر کے موجود ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ناسا کا کہنا ہے کہ ایلین کی موجودگی سے متعلق کچھ باتیں تو خواب کی طرح ہیں اور اس سلسلے میں یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ ان سیاروں پر بہت ذہین ایلین موجود ہیں بلکہ ہو سکتا ہے کہ یہاں کوئی چھوٹی مخلوق موجود ہو۔