وسٹن (نیوز ڈیسک) امریکی سائنسدانوں نے حیرت انگیز صلاحیت والی ایلومینیم بیٹری تیار کرلی ہے جو نہ صرف موجودہ بیٹریوں کی نسبت کہیں زیادہ دیرپا اور پائیدار ہے بلکہ اس کی چارجنگ بھی صرف ایک منٹ میں مکمل ہوجائے گی۔
سٹینفرڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ہونگجی ڈائی کا کہنا ہے کہ ان کی ایجاد کردہ ایلومینیم بیٹری موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی موجودہ بیٹریوں کو ماضی کی بات بنادے گی۔ یہ موجودہ لیتھیم آئن بیٹری کے برعکس نہ آگ پکڑتی ہے اور نہ ہی اس کے جلد ضائع ہونے کا کوئی خدشہ ہے۔ ڈاکٹر ڈائی کہتے ہیں کہ اگر آپ اس بیٹری میں ڈرل مشین سے سوراخ بھی کردیں تو یہ آگ نہیں پکڑے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دو وولٹ کرنٹ فراہم کرتی ہے اور اسے ساڑھے سات ہزار سے زائد مرتبہ چارج کیا جاسکتا ہے جبکہ اس تمام عرصے کے دوران اس کی کارکردگی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ یہ بیٹری لچک دار ہے اور اسے فولڈ بھی کیا جاسکتا ہے لہٰذا یہ مستقبل میں فولڈ ہونے والے لچک دار موبائل فون اور ٹیبلٹ کمپیوٹر کے لئے بھی بہترین آپشن ثابت ہوگی۔