کراچی/ لاہور/ اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس میں پی پی پی وسطی پنجاب کے صوبائی عہدیداران کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورت حال کے علاوہ سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری نیئر بخاری، پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ، جنرل سیکریٹری چوہدری منظور اور سیکرٹری اطلاعات حسن مرتضیٰ شریک ہوئے، پی پی پی وسطی پنجاب کے عہدیداران نے تنظیم نو کی
سفارش کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا کہ ان کے عہدوں کی معیاد ختم ہوچکی ہے، پی پی پی وسطی پنجاب کے عہدیداران نے اپنے عہدوں کی معیاد پوری ہونے پر اپنے استعفے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کردئیے،اس ویڈیو لنک اجلاس میں قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ نے استعفے دے دیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے ان کی مستقل انتھک محنت اور کاوشوں کو شان دار الفاظ میں سراہا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وسطی پنجاب کے صوبائی عہدیداران کے استعفے منظور کرلئے۔