اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کے حوالے سے جلد واضح حکمت عملی اور لائحہ عمل طے کرے گی۔ اس حکمت عملی کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں رکھا جائے گا، فی الحال مسلم لیگ (ن) نے ابتدائی طور پر سخت رویہ نہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نئی حکمت
عملی کا اعلا ن آج متوقع ہے، روزنامہ جنگ میں پرویز بشیر کی شائع خبر کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے زیادہ تر عہدیداران کی سوچ ہے کہ پیپلزپارٹی سے کھلی محاذ آرائی سے اس کے پھیلتے ہوئے بیانیے کو نقصان ہوگا اور اس مخالفت سے تحریک انصاف کو فائدہ پہنچے گا۔ جمعہ کے روز مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کے مضمرات اور اثرات کا ابتدائی جائزہ لیا جس میں طے کیا گیا کہ فی الحال سخت رویہ اور تیز بیان بازی سے گریز کیا جائے۔ دانشور طبقہ، سوشل میڈیا اور صحافی جو پیپلزپارٹی کے بارے میں اظہارخیال کر رہے ہیں اس سے عام خاص طبقے کو بات کی سمجھ آ رہی ہے کہ پیپلزپارٹی کس کا اور کون سا کھیل کھیل رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے بعض عہدیداران کی رائے ہے کہ پیپلزپارٹی کو لوگوں کے سامنے لانا ہمارے بیانیے کی مزید مضبوطی اور پھیلائو کا ذریعے بنے گا۔