اسلام آباد(مانیٹرنگ +آن لائن)شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی جس میں وزیراعظم پارٹی رہنماؤں اور افسران سے ملاقات کر رہے ہیں، وزیراعظم نے کورونا مثبت آنے کی وجہ سے اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے، یہ تصویر سامنے آنے کے بعد عوام کی جانب سے تنقید بھی کی گئی ہے، ایک
صارف نے کہاکہ ان کا کورونا مثبت آیا ہے لیکن اس کے باوجود یہ لوگوں سے میٹنگ میں مصروف ہیں۔ ایک جانب کئی افراد نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تو دوسری جانب کئی افراد نے وزیراعظم کی صحت کے بارے میں دعاؤں اور خوشی کا اظہار بھی کیا کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اپنا کام بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کو رونا ایس او پیز کے تحت محدود سرکاری سرگرمیاں شروع کر دیں عمران خان نے اہم حکومتی امور پر اجلاس کے شرکاء کو ہدایات دیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ایک تصویرسوشل میڈیا پرشیئر کی گئی ہے جس میں وہ کورونا آئسولیشن کے دوران اپنی رہائشگاہ پر موجود ہیں اور ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں وزیراعظم عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور افسران نے ملاقات کی، ملاقات میں شبلی فراز، زلفی بخاری، فیصل جاوید اور یوسف بیگ مرزا شامل تھے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعظم نے اہم حکومتی امور پر شرکا کو ہدایات جاری کی۔ بعد ازیں سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، وہ اپنے گھر سے ہی سرکاری امور سرانجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ 20مارچ کو وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا، اس کے بعد دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔