اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی دنیا پی ٹی آئی کی ماحولیاتی پالیسی کی معترف ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالمی ادارے ورلڈ اکانومک کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم نے تحریر کیا
کہ پی ٹی آئی کی ماحولیاتی پالیسیوں کوعالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ عالمی ادارے کورونا وبا کے دوران سر سبز پاکستان کے ایکشن پلان کے معترف ہیں۔ ورلڈ اکانومک فارم کی جانب سے جاری ویڈیو رپورٹ کے مطابق پاکستان ماحولیاتی پالیسیوں کے حوالے سے مثبت سمت میں چل رہا ہے۔ پاکستان نے اپنے توانائی کے 60 فیصد وسائل کو 2030 تک قدرتی طریقے پر منتقل کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان نے تمام کول پاور پراجیکٹس بند کر دیے ہیں اور ان کو ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹس کے ساتھ تبدیل کردیا ہے۔ پاکستان نے جنگلات کے معاملے میں بھی نمایاں کام کیا ہے جو کہ اس دور میں ماحولیاتی آلودگی کیخلاف ایک مثبت اقدام ہے ، وزیراعظم عمران خان نے ان اقدامات کو پی ٹی آئی حکومت کی کامیابی قرار دیا ہے۔