لاہور( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے زیر زمین پانی کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پولی تھین بیگز استعمال کرنے والوں کو جرمانے کرنے اور دکانیں سیل کرنے کا حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے
ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ڈی ایم سہیل بابر، ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ ماحولیات لاہور علی اعجاز سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ واٹر اور ماحولیاتی کمیشن کی جانب سے سید کمال حیدر ایڈوکیٹ نے رپورٹ پیش کی۔ واٹر کمیشن کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ 2 ہزار 341 بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا، 1ہزار 373 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا گیا، دھواں دینے والی دس ہزار سات سو انتالیس گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بھی فاضل عدالت کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے پولی تھین بیگز استعمال کرنے والوں کی دکانیں سیل کرنے اور 5 سے 20 ہزار تک جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ فاضل عدالت نے نیا پاکستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریورراوی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پانی کے تحفظ بارے رپورٹ بھی طلب کرلی۔