اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین ٹاسک فورس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ کورونا کی ویکسین بننے میں ابھی مزید آٹھ مہینے لگ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آ
چکی ہے، انہوں نے ملک بھر میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تو دوبارہ لاک ڈاؤن بھی کرنا پڑ سکتاہے۔ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد پہلی سردیاں ہیں اور فلو کا وائرس سردیوں میں تیزی سے پھیلتا ہے، انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فلو کے ساتھ ساتھ پھر کورونا وائرس بھی تیزی سے پھیلے گا۔ انہوں نے کہاکہ احتیاطی تدابیر نہ کرنے کی وجہ سے دوبارہ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کو چاہیے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں ماسک کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا امکان موجود ہے۔