اسلام آباد (این این آئی) سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بمبئی حملوں میں پاکستان نہ تو ملوث تھا اور نہ ہی میں ایسی بات کرنے بارے سوچ سکتا ہوں۔میاں نواز شریف نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا حوالہ دے کر خواہ مخواہ ساتھ گھسیٹنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ اس ضمن میں نوازشریف کی طرف سے میرا نام لینا انتہائی
مضحکہ خیز بات ہے۔ پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ساری زندگی ملک کی خدمت کی ہے، آج بھی ملک سے باہر رہتے ہوئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا دفاع کرتا ہوں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف بھارت کے ترجمان بن چکے ہیں۔ انہوں نے ملک سے غداری کا ارتکاب کیا ہے۔ وہ ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ ملک سے غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔