اسلام آباد(آن لائن) ایوان بالا نے امریکہ کی افغانستان اور جنوبی ایشیاء کے بارے میں پالیسی پر ابتدائی ردعمل سے متعلق فل ہاؤس کمیٹی کی جانب سے تیارکردہ سفارشات متفقہ طور کی منظوری دیدی ہے ایوان بالا امریکی پالیسوں سے متعلق قوم کے جذبات کی ترجمانی کر تارہے گا، چیرمین سینٹ نے وزارت خارجہ کو سینٹ کی سفارشات دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکی سفارت خانوں کو بھجوانے کی ہدایت کر دی
۔بدھ کے روز سینٹ اجلاس کے دوران قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے سینٹ کی فل ہاؤس کمیٹی کے بعد تیار کی جانے والی سفارشات ایوان میں پیش کی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی نے کہاکہ سینٹ کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد قوم کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کے بارے میں ایک دوسرے سفیر نے جو خط لکھا ہے اس سے شکوک و شبہات نے جنم لیا ہے انہوں نے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا سینٹر تاج حیدر نے کہاکہ سینٹ کی جانب سے امریکی دھمکیوں کا موثر جواب دیا گیا ہے اسی طرح سینیٹ نے پاکستان کو درپیش مسائل کی بھی درست نشاندھی کی ہے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ سینٹ کی جانب سے ہر اہم مسئلے پر حکومت کو سفارشات پیش کی گئی ہیں انہوں نے کہاکہ سینٹ اراکین نے پارٹی سیاست سے بالا تر ہوکر قوم کے حقوق کی ترجمانی کی ہے اب حکومت وقت کی زمہ داری ہے کہ ان سفارشات پر عمل درآمد کرے سینیٹرفرحت اللہ بابر نے کہاکہ سینٹ کی سفارشات بہت اہم ہے اور ہم یہ امید کرتے ہیں کہ حکومت ان سفارشات پر عمل درآمد کرے گی انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین جو مسائل حل طلب ہیں ان پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے سینیٹر عتیق شیخ نے کہاکہ سینیٹ نے اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جو پوری قوم کی ترجمانی ہے
انہوں نے کہاکہ اس وقت قوم ہماری منتظر ہے اور مجھے امید ہے کہ حکومت ان سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی سینیٹر نذہت صادق نے کہاکہ سینٹ نے پاکستان کو درپیش ہر مسئلے کے موقع پر حکومت کو گائیڈ لائن فراہم کی ہے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہاکہ امریکہ اس خطے میں مذید خون خرابہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے کیونکہ امریکہ جس ملک کے اندر بھی گیا ہے اس کو تباہ کر دیا ہے
انہوں نے کہاکہ امریکہ پوری دنیا میں اپنے اسلحے کی فروخت اور مفادات کے حصول کیلئے جنگوں کو طوالت دیتا ہے اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کو ڈومور کہنے پر نومور کہا جائے اس موقع پر چیرمین سینٹ نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ سینیٹ کی جانب سے دی جانے والی سفارشات کو تمام پاکستانی سفارت خانوں میں پہنچایا جائے اسی طرح پاکستان میں جتنے بھی غیر ملکی سفارت خانے موجود ہیں ان کو بھی یہ سفارشات پہنچائی جائیں اور اگلے اجلاس میں اس کی رپورٹ پیش کی جائے ۔۔۔۔۔۔اعجاز خان