لاہور(آئی این پی) پیپلزپارٹی کے چےئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں بچوں کے اغواء کی بڑھتی ہوئی واردتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اغواء ہونیوالے بچوں کی بر ین واشنگ کر کے انکو ’’خود کش بمبار ‘‘بنائے جانے کا خدشہ ہے ‘ پنجاب حکومت لاپتہ اور اغواء ہونیوالے بچوں کو بازیاب کروانے کی بجائے انکے والدین پردباؤ ڈال رہی ہے۔ جمعرات کو ایک بیان میں اپنے ردعمل میں پیپلزپارٹی کے چےئر مین نے کہا کہ بچوں کے اغواء اور لاپتہ ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر (ن) لیگ کی پنجاب حکومت کی خاموشی قابل مذمت ہے اور پنجاب حکومت اور اسکے دیگر ادارے لاپتہ بچوں کی بازیابی کی بجائے انکے والدین پر معاملات کو دبانے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے پیپلزپارٹی بچوں کے اغواء کا معاملہ ہر سطح پر اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اغواء4 ہونیوالے بچوں کی بر ین واشنگ کر کے انکو ’’خود کش بمبار ‘‘بنائے جانے کا خدشہ ہے اس لیے ضرورت ا س بات کی ہے کہ اغواء اور لاپتہ ہونیوالے بچوں کی بازیابی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائے لاہور کے علاوہ بادامی باغ سے روانہ 3بچے اغواء ہو رہے ہیں مگر حکومت کے اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔