لاہور/رائے ونڈ (نیوزڈیسک) زمین بوس ہونے والی فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں نے دعویٰ کیا ہے کہ 26اکتوبر کو آنے والے شدید ترین زلزلے سے فیکٹری کی عمارت بھی متاثر ہوئی تھی اور فیکٹری منتظمین اس سے آگاہ تھے ۔ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بوس ہونے والی فیکٹری کے ملبے تلے سے نکالے گئے مزدوروں نے عمارت کی پختگی بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 26اکتوبر کو آنے والے شدید ترین زلزلے کی وجہ سے عمارت کا پلر متاثر ہونے کے ساتھ کچھ حصوں میں دڑاڑیں بھی پڑ گئی تھیں جس سے فیکٹری منتظمین آگا ہ تھے۔ مزدوروں کے مطابق فیکٹری کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھاکہ پوری عمارت زور دار دھماکے سے زمین بو س ہو گئی ۔ریسکیو 1122اور دیگر امدادی ٹیموںکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حالیہ زلزلے سے عمارت کے متاثر ہونے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہے اورریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ماہرین مکمل جائزہ لینے کے بعد حتمی رائے دے سکتے ہیں۔