اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے موسمیاتی تبدیلیوں کی تحقیقات کی مد میں فنڈز اکٹھا کرنے کے لئے تیل کی قیمتوں میں کاربن ٹیکس کا اضافہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تحقیقات کے لئے فوری فنڈز اکٹھا کیا جائے تاکہ اچانک موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان سے بچایا جا سکے۔ ان کے مطابق موسمیاتی حالات سے باخبر رہنا اور حفاظتی انتظامات بروقت کرنے کے لئے ہمیں فوری کام شروع کر دینا چاہئے کیونکہ یہ ہر فیلڈ کے لئے خطرناک ہو سکتا ہے جن میں زراعت، کاروبار، پانی کا بہاﺅ اور گلیشیئرز کے حوالے سے زیادہ نقصان کا سامنا ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی خطرات سے نمٹنے کے لئے موسمی تبدیلیوں پر تحقیقات وقت کی ضرورت بن چکی ہے کیونکہ بروقت تیاری سے نقصان کی حد کو کافی کم کیا جا سکتا ہے۔