اسلام آباد(نیوزڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے انکشاف کیا ہے کہ 2 غیر ملکی سفارتخانے وزیر اعظم آفس کے کیبنٹ روم کی جاسوسی کرتے ہیں‘ وزیر اعظم نوا زشریف آصف علی زرداری اور میرے ٹیلی فون ٹیپ کئے جا رہے ہیں‘ یوسف رضا گیلانی کے دور میں جاسوسی کے آلات کیبنٹ روم میں لگانے کا پتہ چلا تھا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں سابق وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ 2012ءمیں جب وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں طلب کیا گیا تھا تو اس وقت کیبنٹ روم میں جاسوسی کے آلات نصب کرنے کی معلومات ملیں اور وزیر اعظم کے سیکیورٹی سٹاف کے جیمر بھی کام نہیں کر رہے تھے جس کی وجہ سے کابینہ کا وہ اجلاس منسوخ کر دیا گیا تھا۔ رحمن ملک نے کہاکہ ان کی معلومات کے مطابق 2 غیر ملکی سفارتخانے اس میں ملوث تھے اور ان سفارتخانوں کے ذریعے جاسوسی کے آلات کیبنٹ روم میں نصب کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوا زشریف ‘ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے ٹیلی فون ٹیپ کئے جاتے تھے۔