اسلا م آباد(نیوزڈیسک)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تنقید اور مخالفت سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے کھل کر سامنے آ گیا‘ بھارتی قیادت پاکستان کی ترقی و خوشحالی سے خوش نہیں جبکہ بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے ‘ بھارت کے اس نئے چہرے کے منظر عام پر آنے کے بعد عالمی قوتوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئے‘بھارتی قیادت پاکستان کو پسماندہ او رغیر ترقی یافتہ رکھنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے ‘ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر قوم ایک صفحہ پر ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور دشمن کی کسی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت کی موجودہ حکومت کی طرف سے اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف سازشیں اور بھارتی وزراءکے بیانات سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اسے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی ایک نظر نہیں بھاتی۔ وزیر داخلہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کی بھارتی وزیر دفاع نے ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ بیانات سے بھی یہ واضح ہوا ہے کہ بھارت خطے کا چوہدری بننے کیلئے پاکستان میں عدم استحکام کی فضاءپیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان پھلے پھولے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی رہنماﺅں کے حالیہ بیانات عالمی قوتوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کیاکافی نہیں ہےں۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم سیاسی اور فوجی قیادت دشمن کے عزائم ناکام بنانے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں کیلئے پوری طرح متحد ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قیادت پاکستان کو پسماندہ او رغیر ترقی یافتہ رکھنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے ‘ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘انہوں نے بھارت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر قوم ایک صفحہ پر ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور دشمن کی کسی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاک چین دوستی کا نہ صرف واضح ثبوت بلکہ دونوں ممالک کی قیادت کا ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار ہے او ریہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے اور اس سے امن و استحکام اور معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے خطے کے مستقبل پر مثبت اثرات پڑیں گے او رخطے کا مستقبل روشن ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کو چاہیے کہ اس منصوبے کی مخالفت کرنے یا اس میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے وہ اپنی عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں اور غربت ‘ مہنگائی کے خاتمہ کی کوششیں کریں اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔