اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ پیر سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ پیر کے روز سے شروع ہورہا ہے جو بدھ کے روز تک جاری رہنے کاامکان ہے۔بارشوں اور برف باری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے،
جس کے تحت چترال،دیر،سوات، شانگلہ، بونیر،کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ بارشوں اورپہاڑوں پربرفباری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے۔پی ڈی ایم نے بالائی علاقوں کی انتظامیہ کو ہر قسم کی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شمالی علاقوں میں پیر سے بدھ تک بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار کی رات سے بلوچستان میں داخل ہوگا، جو بدھ کی صبح تک صوبے میں موجود رہے گا۔محکمہ موسمیات نے اس موسمی صورتحال کے باعث پیر سات دسمبر اور منگل آٹھ دسمبر کو کوئٹہ، ڑوب، زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ، لورالائی، ہرنائی، چاغی، نوشکی، بولان، شیرانی اور قلات میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو الرٹ جاری کیا ہے۔