اسلام آباد( آن لائن ) سپریم کورٹ نے پٹواریوں ، تحصیل داروں اور قانون گو کے اختیارات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وفاق اور چاروں صوبوں سے قانون سازی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہیں ،معاملہ کی سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی نے آئندہ سماعت سے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کرلی ،وکیل درخواست گزار نے دوران سماعت عدالت کو بتایا
کہ پنجاب نے لینڈ ریکارڈ ایکٹ 2017 لاگو کردیا ہے، یہ سارا پنجاب کا مسئلہ تھا مگر عدالت نے بلوچستان کا نام شامل کردیا، بلوچستان میں فرد ملکیت کے بغیر زمین کا انتقال نہیں ہوسکتا، جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ ریونیو والے پٹواریوں نے شہریوں میں کہرام مچا رکھا ہے ،ہم پورے ملک میں شفاف نظام چاہتے ہیں ، عدالت نے وفاق سمیت چاروں صوبوں سے معاملہ پر قانون سازی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔