اسلام آباد (نیوز ڈیسک)قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی اعلیٰ قیادت پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد روس نے بھی اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاؤروف نے قطر کے وزیراعظم کو فون کیا اور اسرائیلی کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ٹیلی فونک رابطے میں لاؤروف نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ روس اس مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ پر حملہ نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہے، جسے کسی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی اس کارروائی نے خطے کے امن کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے اور عالمی برادری کو اس کی مذمت کرنی چاہیے۔