اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنی صحت کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بیان میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔ ’’مجھے ایڈز لاحق ہونے کی خبریں سراسر غلط ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔ان کے وکیل اکبرالدین عبدالقادر نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اپنے گھر پر موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحب اور ان کے اہلِ خانہ کے بارے میں بیماری سے متعلق پروپیگنڈا دراصل بھارتی میڈیا کی گھڑی ہوئی کہانیاں ہیں، جن کا مقصد گمراہ کن تاثر دینا ہے۔وکیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی باتوں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی کسی افواہ کا حصہ بنیں۔ ان کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنی دینی اور تعلیمی سرگرمیوں میں حسبِ معمول مصروف ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک مہلک مرض ایڈز میں مبتلا ہیں اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، حتیٰ کہ ان کی اہلیہ فرحت نائیک اور بیٹی کے ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آنے کی افواہیں بھی پھیلائی گئیں، تاہم ان خبروں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا ہے۔