واشنگٹن(این این آئی)براعظم انٹارکٹیکا اب تک کورونا وائرس سے پاک تھا تاہم اب یہ مہلک وائرس دنیا کے تمام براعظموں تک پہنچ گیا ہے۔براعظم انٹارکٹیکا کے برنارڈو او ھائینس ریسرچ سینٹر میں تعینات چلی کے فوجی اہلکاروں میں مہلک وائرس
کی تشخیص ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایاکہ36 اہلکاروں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں 26 جوان اور 10 سویلین افراد شامل ہیں۔گزشتہ دنوں بھی چلی سے سامان اور افراد کو لیکر جانے والے جہاز کے عملے کے 3 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد اب ریسرچ اسٹیشن پر بھی کیسز مثبت نکل آئے ہیں۔چلی نے 36 مریضوں کو واپس بلالیا ہے جہاں ان کی طبیعت کافی بہتر ہے جبکہ ان کی جگہ دوسرے عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔انٹارکٹیکا میں بھی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب دنیا کا کوئی بھی براعظم ایسا نہیں جہاں یہ مہلک وائرس نہ پہنچا ہو۔