ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ کی ہدایت پر اس مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے چنیدہ عازمین نے کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے اپنے اپنے گھروں میں سات یوم کی لازمی تنہائی اختیار کر لی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس سال حج کے لیے منظور کردہ پروٹوکول کے مطابق تمام شرائط اور تقاضوں پر پورا اترنے والے عازمین نے سات یوم کے لیے خود کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ کر لیا ۔سعودی عرب نے 22 جون کو اس سال کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔حج اسلام کا پانچواں رکن ہے اور یہ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریض حج ادا کیا تھا۔سعودی حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہے اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔حج کی مخصوص سکیورٹی فورسز نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ مناسک کی ادائی کے دوران میں تمام مقدس مقامات کو مکمل سکیورٹی حصار میں لیا جائے گا تاکہ کوئی بھی غیر مجاز شخص ان میں داخل نہ ہوسکے۔