اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کرونا وائرس کی وباء کے خاتمے تک چھٹی پر اپنے ملک گئے غیر ملکی سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکتے ، اعلان ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی جنرل ڈائریکٹر پاسپورٹ کی جانب سے کہا گیاکہ جب تک مہلک وباء ختم نہیں ہوجاتی تب تک کوئی
غیر ملکی جوسعودی عرب میں مقیم تھے لیکن وہ اپنے ملک یا مملکت سے باہر موجود ہیں وہ کرونا کے خاتمے تک سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گے ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3139 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار 39 مریض وفات پا گئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے مطابق اب کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 164144 ہوگئی ہے اور اس میں مبتلا 1346 مریض وفات پا چکے ہیں۔دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور حکام نے منگل کو 299 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔جدہ میں 393 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ باقی کیسوں کی مملکت کے مختلف شہروں اور صوبوں میں تشخیص ہوئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 4710 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب کل تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 109885 ہوگئی ہے۔