اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کا محدود تعداد میں عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دینے کا فیصلہ ۔ سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد حج کرسکیں گے۔
رواں سال کورونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر سے عازمین حج کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ حج کی تیاری کو فی الحال موخر کردیں کیونکہ حج کروانے یا نہ کروانے کے حوالے سے فیصلہ کیا جانا تھا۔اب سعودی عرب کی جانب سے فیصلہ کر لیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ رواں سال مملکت میں مقیم مختلف ممالک کے لوگ حج کر سکیں گے۔سعودی وزارت حج نے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے ماحول، دنیا بھر میں وائرس کے پھیلنے کے خطرات اور روز بروز دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر طے کیا گیا ہے کہ اس سال حج میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے عازمین کو محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ حج محفوط صحت ماحول میں ہو،کورونا سے بچاؤ کے تقاضے پورے کیے جائیں، عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے اور انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔دریں اثنا پاکستان میں وزارت مذہبی امور نے نئی صورتحال کے تحت ہنگامی اجلاس بلا لیا، عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔