نئی دہلی (این این آئی )بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈکے چیئرمین مکیش امبانی 64ارب ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے 10 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مکیش امبانی اوریکل کارپوریشن کے
لیری ایلیسن اور فرانس کی بیٹن کورٹ میرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے نویں امیر ترین شخص بن گئے ۔مکیش امبانی کی ڈیجیٹل کمپنی جیو پلیٹ فارمز لمیٹڈ میں کی گئی سرمایہ کاری نے اگلے سال 2021 کے لیے مقررہ اہداف کو وقت سے پہلے حاصل کر لیا ہے۔کرونا وائرس کی وجہ سے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل کاروباری شخصیات کے کاروبار شدید متاثر ہوئے ۔بھارت کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں معیشت اور منصوبہ بندی سینٹر کے چیئرمین جیاتی گوش کا کہنا تھاکہ بھارت میں کرونا وائرس کے سبب معیشت کی زبوں حالی کے باوجود مکیش امبانی کے کاروبار خاص کر ٹیکنالوجی کمپنی جیو پلیٹ فارمز لمیٹڈ نے خوب ترقی کی ہے جو کہ مکیش امبانی کی دولت میں خاطر خواہ اضافے کا باعث بنی ہے۔