اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں کینسرکی وجہ سے ہلاک ہونے والے ہندو شخص کی آخری رسومات اُس کے رشتے داروں کے بجائے مسلمان پڑوسیوں نے ادا کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ قومی موقر نامے کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر پوری دنیا کی
طرح بھارت میں لاک ڈاؤن جاری ہے، مودی سرکار نے بھارت میں صورتحال کو سنبھالنے کے لیے 21 دن کا لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے ایسے میں تمام لوگ گھروں تک ہی محدود ہوگئے ہیں اور کورونا کے خوف کی وجہ سے باہر نکلنے سے ڈر رہے ہیں۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست اُتر پردیش کے ’بلند شہر‘ کے علاقے آنندوبار میں رویشنکر نامی ہندو چل بسا۔جب رویشنکر کے بیٹے نے رشتہ داروں کو والد کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے آنے کا کہا تو سب نے کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے اُس کے گھر آنے سے منع کردیا۔ ایسے میں آخری رسومات ادا کرنے کی ہامی اُس کے مسلمان پڑوسیوں نے بھری اور اِس طرح رویشنکر کے مرنے کے بعد اُس کی آخری رسومات میں اُس کے رشتہ داروں کے بجائے مسلمان پڑوسیوں نےشرکت کرکے مثال قائم کردی یہ دیکھ کر ہندو نوجوان بھی اشکبار ہو گیا۔