ووہان (این این آئی) چین میں اس وقت کرونا وائرس نے لوگوں کی زندگیاں نگلنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور اب تک سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں کھا چکا ہے، اس موذی وائرس سے نمٹنے کیلئے جہاں حکومتی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں وہیں شہریوں کا جذبہ بھی قابل دید ہے،اب ناقابل شکست جذبے کی ایک کہانی سامنے آئی ہے- ایک 80 سالہ خاتون اپنی زندگی کی ساری جمع پونجی اور پنشن کے بونڈز لے کر پولیس اہلکاروں کے پاس پہنچ جاتی ہے۔
بزرگ خاتون کی جمع پونجی 50 ہزار یو آن تھی جو اس نے کرونا وائرس سے لڑنے کیلئے پولیس اہلکاروں کو تھمادی۔پولیس اہلکاروں نے خاتون کے بارے میں معلومات لیں تو پتا چلا کہ وہ اکیلی رہتی ہے اورشوہر کی موت کے بعد اس کا واحد سہارا یہ پنشن ہی ہے۔ پولیس اہلکاروں نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معمر خاتون سے پیسے لینے سے انکار کردیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد 80 سالہ گو شویونگ پورے چین میں ایک ہیرو کی حیثیت اختیار کرگئی ہیں اور لوگ ان کی بھرپور تحسین کر رہی ہیں۔