ریاض (این این آئی)چین کے وزٹ کے بعد سعودی عرب پہنچنے والی دو بھارتی خواتین کو کرونا وائرس کے شبے میں الگ کر دیا گیا ہے اور طبی عملے کے سوا انہیں کسی دوسرے شخص سے عارضی طور پر ملنے سے روک دیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق چین سے آنے والی دو بھارتی حقیقی بہنوں کو دمام میں شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روکا گیا جس کے بعد انہیں طبی معائنے کے لیے دوسرے مسافروں سے الگ تھلگ کر دیا گیا تھا۔
وزارت صحت نے ایک رپورٹ میں کہا کہ دونوں بہنیں گذشتہ 12 جنوری کو چین گئیں اور تقریبا 21 دن وہاں مقیم رہیں۔ وہ اس عرصے کے دوران چین میں قیام پذیر رہیں جب پورا ملک مہلک کرونا وائرس کی لپیٹ میں تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں بھارتی خواتین چین میں اپنے قیام کے دوران وائرس کے مرکز ووہان شہر نہیں گئیں اور نہ ہی ان میں کرونا کی بیماری کی کوئی علامت پائی گئی ہے تاہم انہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر دوسرے مسافروں سے الگ کیا گیا ۔