منی سوٹا(آن لائن) امریکہ کی ریاست منی سوٹا میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرنے سے 3 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ فلائٹ کے دوران حادثے سے قبل ہیلی کاپٹر کا ائیر کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ مقامی وقت دوپہر دو بجے پیش آیا اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام تین فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کا ملبہ کھلے میدان میں گرا اور اس کو تلاش کرنے میں دو گھنٹے کا وقت لگا۔متعلقہ حکام نے حادثے کی وجہ اور ہلاک ہونے والوں کے نام نہیں بتائے تاہم واقعہ کی تحقیقات
شروع کر دی گئی ہیں۔ایئرکنٹرول حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد اس کی تلاش شروع کردی گئی تھی۔ ٹریفک سکینر حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے موبائل فون بھی ٹریس کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ صحیح مقام کا تعین کیا جا سکے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق حادثے کے وقت مطلع صاف اور حد نگاہ 10 میل تھی۔کنٹرول ٹاور حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر نے مقامی وقت دوپہر 1:55 پر اڑان بھر i اور 2:15 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا تاہم ملبہ تلاش کرنے میں کافی وقت لگا۔