نئی دہلی (این این آئی)انڈین فوج نے دعوی کیا ہے کہ انھیں ییٹی کے قدموں کے نشان ملے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین حیرت کے اظہار کے ساتھ اس دعوے کا مذاق بھی اڑا رہے ہیں۔ییٹی ایک دیو قامت بن مانس کی نسل کی مخلوق ہے جس کا ذکر جنوب مشرقی ایشیا کی لوک داستانوں میں ملتا ہے۔
ییٹی جیسی مخلوق کی موجودگی کے کبھی کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے ہیں لیکن دیومالائی کہانیوں میں اس کا ذکر ملتا ہے اور لوگ اس میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق فوج نے پیر کو اپنے ساٹھ لاکھ ٹوئٹر فالوورز کو ٹویٹ کر کے بتایا کہ انھوں نے ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں ماکالو بیس کیمپ کے قریب ایک مافوق الفطرت اور دیومالائی عفریت ییٹی کے قدموں کے نشان دیکھے ہیں۔ برف پر یہ نشانات فوج کو نو اپریل کو ملے تھے لیکن فوج نے ان کو عام کرنے کا فیصلہ یہ سوچ کر کیا کہ ییٹی کے بارے میں جو کہانیاں پہلے سے موجود ہیں یہ نشان ان سے ملتے ہیں۔سوشل میڈیا پر حیرت کا اظہار کرنے والوں سے فوج نے کہا کہ ییٹی کے بارے میں شواہد کی تصاویر لی گئیں اور ماہرین کی رائے حاصل کرنے کے لیے یہ ان کے حوالے کر دی گئیں۔فوج نے مزید کہا کہ انھوں نے یہ مناسب سمجھا کہ ان تصاویر کو عام کردیں تاکہ سائنسدان اور عوام میں اس بارے میں دلچسپی پیدا ہو۔ٹوئٹر استعمال کرنے والوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج اس خیالی مخلوق کے بارے میں کس طرح یہ دعوی کر سکتی ہے۔