ریاض(این این آئی )خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سوڈان میں سیاسی تبدیلی کے عمل کے دوران حکومت کو درپیش مشکلات دور کرنے اور فوری انسانی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں شاہ سلمان نے سوڈان میں آنے والی تبدیلی میں عوام کی خواہشات کا احترام کرنے اور سوڈانی قوم کے مستقبل کے لیے بہتر فیصلے کرنے توقع ظاہرکی ۔
ان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب سوڈان کی عبوری کونسل کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔سعودی حکومت سوڈان میں آنے والی تبدیلی پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کو توقع ہے کہ سوڈان کی فوجی عبوری کونسل برادر ملک کو مضبوط بنانے اور ملک کے اندرونی استحکام اورخلفشار کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگی۔سعودی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سوڈان اور سعودیہ کے درمیان تاریخی ، تزویراتی اور تمام شعبوں میں وسیع تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب سوڈان میں آنے والی سیاسی تبدیلی کی حمایت اور عبوری کونسل کواپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے۔بیان میں مزیدکہا گیا کہ سوڈان کا استحکام سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے۔ برادر ملک کو اندرونی بحران سے نکالنے کے لیے ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ سعودی عرب سوڈانی قوم کی مفاد اور اس کی ضرورت کے مطابق انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گی۔ اسی ضمن میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے سوڈانی قوم کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔