صنعاء (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی رٹ بحال کرنے میں معاونت کرنے والی عرب اتحادی فوج نے حجی گورنری میں 12 گھنٹوں کے دوران حوثیوں کے ٹھکانوں پر پانچ فضائی حملے کیے ۔ حملوں میں سینئر لیڈرسمیت کم ازکم37باغی مارے گئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج نے عبس ڈائریکٹوریٹ کے علاقے مزارع الجر میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور فوجی گاڑیوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں باغیوں کوبھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا،ذرائع نے بتایاکہ حملوں میں کم ازکم 37باغی مارے گئے ۔ذرائع کے مطابق
حجی میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف کیے گئے حملوں میں باغیوں کی دو فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں نہ صرف گاڑیاں تباہ ہوگئیں بلکہ ان میں موجود باغی جنگجو بھی ہلاک ہوگئے۔قبل ازیں یمن کی سرکاری فوج نے عبس ڈاریکٹوریٹ کے علاقے بنی حسن کو باغیوں سے آزاد کرالیا تھا۔ الضالع گورنری میں عرب اتحادی فوج کی کارروائی میں سینئر حوثی لیڈر سمیت 25 جنگجو ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں الضالع کے شمال میں مریس کے مقام پر عرب اتحادی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔