طرابلس(این این آئی)لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ جنر خلیفہ حفتر نے گذشتہ روز اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران الریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے ۔عرب ٹی وی کے مطابق اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب برادری ملک لیبیا کی ترقی، امن ، استحکام اور خوش حالی کا خواہاں ہے۔دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔لیبیا کی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے کہا کہ لیبیا کے بعض
گروپ ملک کے خلاف سازشوں میں سرگرم ہیں۔ ان میں مشرقی علاقوں کاعسکری گروپ بھی شامل ہے جسے جنوبی علاقوں میں کچل دیا گیا ہے۔المسماری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی۔ بندوق کی زبان میں بات کرنے والے سے بندوق ہی کے ذریعے بات کی جائے گی۔انہوں نے لیبیا میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے ترکی، قطر اور اٹلی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور ان ممالک کے محاسبے پر زور دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ لیبیا میں ترکی، قطر اور بعض دوسرے ممالک کی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔