ماسکو (آن لائن)روس میں تعینات بھارتی سفیر ڈی بالا وینکاتیش ورمانے کہا ہے کہ بھارت ایل او سی پر نئی فضائی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا پاک بھارت کشیدگی بتدریج کم ہورہی ہے بھارت اس معاملے میں کسی ملک کی ثالثی کو قبول نہیں کرے گا۔روس میں تعینات بھارتی سفیر ڈی بالا وینکاتیش ورما نے روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا سرحد پار کرکے پاکستان میں کسی نئے فضائی حملے کا ارادہ نہیں ہے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی آرہی ہے بھارت حالیہ کشیدگی کو مزید بڑھاوا نہیں دینا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ
پاکستان اور بھارت میں جاری کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے کسی کی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے کسی ملک کی جانب سے ثالثی کی پیشکش نہیں کی گئی اور نہ ہی ہم کسی تیسرے ملک کی ثالثی کو قبول کریں گے، گزشتہ شام بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادی میر پوٹن کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں ثالثی کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ خیال رہے کہ 28 فروری کو روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے پیشکش کی تھی کہ ماسکو پاک بھارت مذاکرات کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے تیار ہے۔