واشنگٹن(این این آئی)وائٹ ہاؤس میں تعینات قومی سلامتی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نائب مشیر میرا ریکارڈل نے خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ سے تنازعے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ایک ترجمان نے بتایا کہ ریکارڈل وائٹ ہاؤس کی جگہ اب امریکی انتظامیہ میں ہی ایک نئی حیثیت میں کام کریں گی۔ تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ریکاڈل، امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ساتھ افریقہ کے دورے پر تھیں جب ان دونوں کے تعلقات میں تلخی آئی۔میرا ریکارڈل کی عہدے سے علیحدگی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی میڈیا میں پہلے ہی یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں متعدد تبدیلیاں ہونے والی ہیں اور صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس چیف آف سٹاف جان کیلی یا پھر سیکرٹری داخلہ کرسٹن نیلسن کو ان کے عہدے سے ہٹا سکتے ہیں۔