واشنگٹن(این این آئی)ایران کے لیے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے برائن ہاک کا کہنا ہے کہ ایران امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ اس کی جوہری سرگرمیوں کے علاوہ بیلسٹک میزائل کی سرگرمیاں، سائبر حملے ، دہشت گردی اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ بھی ہے۔ لہذا ہم ان سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہیں اور ایران کو لگام دینے کے لیے ہم پابندیوں کے ساتھ ساتھ اپنے پاس دستیاب دیگر وسائل کو بھی بروئے کار لائیں گے۔عرب ٹی وی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو
میں امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ ایران نے پابندیوں سے بچنے کے لیے چکمہ دینے کی کوشش کی تو ان پابندیوں میں اضافہ کر دیا جائے گا اور یہ تہران کے ساتھ لین دین کرنے والے تمام ممالک کو لپیٹ میں لیں گی۔ہاک کے مطابق ایران کے تیل کے سیکٹر پر واشنگٹن کی پابندیوں کے بعد سعودی عرب اور امارات کے ساتھ رابطہ کاری جاری ہے تا کہ تیل کے نرخوں کا استحکام برقرار رکھا جا سکے۔امریکی نمائندے کا مزید کہنا تھا کہ ہم اْن نتائج سے خوش ہیں جن کا مقصد ایران کو اقتصادی اور سفارتی طور پر تنہا کرنا ہے۔