دمشق(این این آئی) شام میں داعش جنگجوؤں نے اقلیتی گروہ دروز کے 27 پیروکاروں میں سے 6 کو رہا کردیا ہے۔شام میں داعش شدت پسندوں نے گذشتہ شب 27 مغویوں میں سے دو خواتین اور 4 بچوں کو رہا کردیا ہے۔ اغواء شدگان اقلیتی گروہ دروز سے تعلق رکھتے تھے جنہیں داعش نے رواں برس جولائی میں سویدہ صوبے میں حملے کے دوران اغواء کیا تھا۔اقوام متحدہ کے مبصرین انسانی حقوق برائے شام کے گروپ سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ داعش جنگجوؤں نے ان افراد کو قیدیوں کے تبادلے
اور تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید افراد کو جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔ آبزرویٹری سربراہ عبدالرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مغویوں کی رہائی کیلئے 60 داعش قیدیوں کو آزاد کیا گیا ہے جبکہ ایک ملین فی مغوی کے حساب سے 27 ملین ڈالر تاوان کی ادائیگی کی گئی ہے۔داعش سے مذاکرات میں مقامی قبائلی قیادت اور معززین نے تعاون کیا۔ واضح رہے کہ شام میں داعش سربراہ ابوبکر البغدادی نے اپنی خلافت کے قیام کا اعلان کرکے حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا۔