دمشق(انٹرنیشنل ڈیسک)شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے نے کہاہے کہ مشرقی شام میں داعش کے جنگجوؤں نے ایک گوریلا کارروائی کے دوران ڈیموکریٹک فورسز کے 20 جنگجو ہلاک کر دئیے۔عرب ٹی وی کے مطابق آبزر ویٹری برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ دیر الزور میں خراب موسم، آندھی اور ریتلے طوفان سے فائدہ اٹھا کر داعش کے جنگجوؤں نے امریکی حمایت یافتہ ڈیموکریٹک فورسز کے ایک مرکز پر حملہ کر دیا۔ دونوں طرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ داعش کے جنگجوؤں کے حملے میں کم سے کم بیس جنگجو ہلاک ہوگئے۔خیال رہے کہ داعش کی جانب سے یہ وار ایک ایسے
وقت میں کیا گیا ہے جب ڈیموکریٹک فورسز نے امریکا اور عالمی اتحادی فوج کی مدد سے مشرقی شام میں داعش کے خلاف تیسرے اور آخری فیصلہ کن آپریشن کا گذشتہ سوموار کے روز آغاز کیا تھا۔اس نئے آپریشن کا مقصد دریائے فرات کے مغربی کنارے اور عراق کی سرحد سے متصل علاقوں سے داعش کے وجود کو ختم کرنا ہے۔ دریائے فرات کے کنارے پر واقع ھجین کے علاقے میں کم سے کم 3000 داعشی دہشت گرد موجود ہیں۔گذشتہ سوموار سے جاری آپریشن میں اب تک کرد ۔ عرب اتحاد کے 37 اور داعش کے کم سے کم 53 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے داعش کے خلاف تازہ آپریشن کو کافی مشکل قرار دیا ہے۔