نئی دہلی(این این آئی)تنخواہ سے محروم بھارتی پولیس اہلکار نے گھر کا خرچ چلانے کے لیے وردی میں بھیک مانگنے کی اجازت طلب کر لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل دنیشور اہیر راؤ نے پولیس کمشنر اور وزیراعلیٰ کو خط لکھا ۔پولیس کانسٹیبل کی جانب سے درخواست میں مطالبہ کیا گیا اسے دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی جس کی وجہ سے بیمار اہلیہ کے
علاج و معالجے اور گھر کا خرچ چلانے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ جب وہ چھٹی پر تھا تو اس کے یونٹ چیف نے اسے فون کر کے بتایا کہ ان کی یونٹ کو بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے سربراہ ادھیو ٹھاکرے کی رہائش گاہ پر تعینات کیا گیا ہے۔دنیشور اہیر نے خط میں لکھا کہ اس نے رواں برس مارچ میں دو روز کی چھٹی طلب کی تھی لیکن اہلیہ کے علاج کی وجہ سے وہ ڈیوٹی جوائن نہ کر سکا۔اہلکار نے اپنے خط میں مزید بتایا کہ اس نے اہلیہ کے علاج کے بعد ڈیوٹی جوائن کی لیکن اس کے بعد سے اسے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی۔دنیشور اہیر راؤ نے کہا کہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے نا تو اہلیہ کا علاج کروا پا رہا ہے، نا ہی والدین اور بیٹی کے اخراجات اٹھا پا رہا ہے اور نا ہی وہ ادھار لی گئی رقم کے پیسے ادا کر پا رہا ہے لہذا اسے وردی میں بھیک مانگنے کی اجازت دی جائے