ریاض(آئی این پی)سعودی عرب کے حکمرانوں نے بھی خیبر پختونخوا حکومت کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا اعلان کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے سعودی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزارت ماحولیات،
آبی وسائل اور زراعت نے 40 لاکھ پودے فوری طورپر لگانے، 70 لاکھ پودوں کے بیج بونے اور 60 ہزار ہیکٹرزرعی اراضی واگزار کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کے دوران ایک کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی ماحول کے تحفظ کے لیے ایک ارب درخت لگائے گے اور اس مہم کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔