ریاض(این این آئی)سعودی وزیر خارجہ نے کہاہے کہ اگر جرمنی انہیں ہتھیار فروخت نہیں کرتا تو نہ کرے، وہ کسی دوسرے ملک سے حاصل کر لیں گے۔ قبل ازیں جرمنی نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جرمنی کے متوقع حکومتی اتحاد کے اس معاہدے پر حیرت کا اظہار کیا۔
جس میں یمن جنگ میں شریک فریقوں کو مزید ہتھیار فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کا سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ہمیں تمہارے ہتھیاروں کی ضرورت نہیں، ہم یہ کسی اور سے خرید لیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم خود کو ایسی پوزیشن پر نہیں لائیں گے، جہاں ہم کسی ملک کی مقامی سیاست میں ایک کھلونا بن جائیں۔ اگر جرمنی ہمیں ہتھیار فروخت نہیں کرنا چاہتا تو ہم اس پر دباؤ بھی نہیں ڈالیں گے۔