اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے شام پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے جس کے جواب میں روس نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے شام پر دوبارہ حملہ کیا تو امریکہ کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شام پر امریکی میزائل حملے کے بعد امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور دونوں ملک آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب
نکی ہیلی نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑی تو امریکہ شام میں مزید کارروائی کرے گا، انہوں نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو روکنا امریکہ کے اپنے مفاد میں ہے، یہ بات انہوں نے اقوام محتدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہی، اس موقع پر روسی مندوب نے کہا کہ اگر امریکہ نے شام پر دوبارہ حملہ کیا تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے، اس حوالے سے چین نے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ شام کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے۔