واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس کی طرف سےبدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکا کے دورے پر آئے سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ملاقات میں ایران کی خطے میں بڑھتی مداخلت اور اس کی روک تھام پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہ نماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایران کی مداخلت سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے ایران
کو نکیل ڈالنے کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور شہزادہ محمد بن سلمان کے ایران کی خطے میں مداخلت اور سرگرمیوں کے بارے میں خیالات میں یکسانیت موجود ہے اور دونوں دوست ملک ایرانی مداخلت کو روکنے کے لیے مل کر کوششیں کرنے کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر سعودی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسلمانوں کا سچا دوست قرار دیتے ہوئے سعودی ، امریکا تعلقات میں بہتری کو سراہا۔