بیجنگ (این این آئی)معروف چینی اخبار’’پیپلز ڈیلی‘‘نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے دروازے کھول دیئے اور ملک کیلئے ترقی کے مزید مواقع لے آئے۔چین رواں سال عالمی تعاون کی غرض سے بیجنگ میں ایک پٹی ایک سڑک فورم کی میزبانی کریگا۔جس کا مقصد تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق مختلف امور زیر بحث لائے جائینگے۔
اخبار کے مطابق 2013میں چین کی تجویز پر ایک پٹی ایک سڑک اقدام کے تحت شاہراہ ریشم اقتصادی پٹی اور اکیسویں صدی میری ٹائم سلک روڈ تعمیر کی جائیگی۔اس کا مقصد قدیم تجارتی راستے پر ایشیاء کو یورپ اور افریقہ کیساتھ منسلک کرنے کی غرض سے تجارتی انفرا سٹرکچر نیٹ ورک تعمیر کرنا ہے۔ایک پٹی ایک سڑک فریم ورک کے تحت ان منصوبوں میں چین کی ان روٹس پر ممالک کیساتھ تعاون میں سی پیک منصوبے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ سی پیک میں شامل اہم توانائی اور انفراسٹرکچر منصوبے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو مزید آگے لیجانے اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں گے۔درایں اثناء ساہیوال سمیت دیگر مقامات پر 7300میگا واٹ صلاحیت کے 10پاور پالنٹس کی تعمیر بھی جاری ہے اسکے علاوہ گوادر پورٹ سمیت منصوبوں اور پورٹ سے ملحقہ فری زون کیلئے 25ہیکٹر اراضی حاصل کی گئی ہے۔